واٹس اپ گروپ کسی درجے میں اب ایک مجلس، جلسہ یا میٹنگ کا بدل بن چکا ہے، اس نقطۂ نظر سے اس پلیٹ فارم سے بہت سے دینی، دعوتی، اصلاحی و تربیتی فوائد حاصل کئے جا سکتے ہیں، اسی مقصد کے پیش نظر یہ گروپ تشکیل دیا گیا۔ ابتدا میں اسے _ فقط انتظامیہ شیئرنگ (only admin mode) _ پر رکھا گیا تاکہ بے مقصد پوسٹ نہ ہوں، بامقصد چیزیں ہی منتظمینِ حلقہ (ایڈمن پینل) کی طرف سے آئے۔ لیکن پھر اراکین حلقہ کی طرف سے بات آئی کہ اسے "اونلی ایڈمن موڈ" سے ہٹا کر سب کو شیئرنگ کی اجازت ہونی چاہیے اور غور کرنے کے بعد ایسا کرنا مناسب معلوم ہوا۔
٭ اصول طے کرنا ضروری
لیکن اسی کے ساتھ یہ بات بھی ہے کہ گروپ کے فوائد اسی وقت صحیح طور سے اٹھائے جا سکیں گے جب ہم کچھ اصول و ضوابط طے کر کے اس کی پاسداری کریں گے، شرکاءِ گروپ کے مقام و مرتبے، ان کی عمر اور علم کا لحاظ رکھ کر پوسٹ کریں گے۔ چنانچہ اسی پس منظر میں منتظمین حلقہ (ایڈمن پینل) کے مشورے سے کچھ اہم اصول و ضوابط پیش کئے جا رہے ہیں، امید ہے تمام اراکینِ بزم ان کا لحاظ رکھیں گے۔
1) گروپ کا نام "مصلیانِ مسجد عثمان ابن عفانؓ" اور گروپ ایڈمنز "امامِ مسجد وانتظامیہ کمیٹی کے افراد" کا ہونا ہی اس بات کو واضح کر دیتا ہے کہ اس کا بنیادی مقصد ہے "دینی تعلیمات کو پیش نظر رکھ کر دینی مذاکرہ اور اصلاح و تربیت اور جديد حالات سے آگاہی ہوتے ہوئے محسوس کرنا کہ بحیثیت مسلمان ہم پر کیا ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں؟!!" __ اسی لیے گروپ میں جو بھی پوسٹ ہو اسی بنیادی نقطۂ نظر سے ہو۔
2) سیاسی پوسٹ نہ ہوں، اصل میں ہر ایک کا اپنا الگ الگ سیاسی رجحان ہوتا ہے کوئی کسی پارٹی سے تو کسی پارٹی سے میلان رکھتا ہے، اب ہر ایک اپنی اپنی پارٹی کی پوسٹ کرے تو گروپ کچھ دنوں بعد "سیاسی پہلوانوں کا دنگل" بن جائے گا، ایسے میں ہمارا "بنیادی مقصد" کنارے رہ جائے گا، اس لئے کسی بھی قسم کی سیاسی پوسٹ اس گروپ میں نہ بھیجیں۔
3) غیرشرعی چیزیں، بے حیائی پر مبنی باتیں پوسٹ نہ ہوں، چاہے کتنی اہم ہو یا بہت اچھی خبر ہو تب بھی پوسٹ نہ کریں۔ اس گروپ میں اپنے آپ کو روکنے سے ہم آگے بھی اپنے آپ پر کنٹرول کرسکیں گے اور ضروری اور اہم پوسٹ کے نام پر فحش مواد اور لیڈیز اینکر کی خبریں وغیرہ شیئر کرنے کے گناہ سے اپنے آپ کو بچاسکیں گے۔
4) گروپ میں حتی الامکان معیاری پوسٹ شیئر کی جائیں تاکہ اس گروپ کی افادیت اور اس کا امتیاز باقی رہے دوسرے عوامی گروپوں کی طرح اسے بھی بے مقصد چیزوں سے نہ بھرا جائے۔ یاد رہے! زیادہ شیئر کرنا کمال نہیں، کم پوسٹ ہوں اور معیاری و مفید تر ہوں، یہ مطلوب ہے۔ ہر ساتھی کا پوسٹ کرنا بھی ضروری نہیں، خاموش استفادہ بھی اچھی عادت ہے۔
ہمارا آپ کا وقت بہت قیمتی ہے اسے بے مقصد پوسٹ شیئر کرکے ضائع ہونے سے بچایا جائے، اس گروپ سے قارئین کو اچھی اور مفید باتیں ہی حاصل ہوں، لایعنی اور وقت ضائع کرنے والی باتوں سے پرہیز کیا جائے۔
5) گروپ کے احباب کسی دینی کام، یا دینی ادارے سے جڑے ہوئے ہوں تو اپنے کاموں سے باخبر رکھنے اور دوسروں کو ترغیب دینے کی غرض سے دینی و اصلاحی سرگرمیوں سے متعلق چیزیں بھیج سکتے ہیں۔
٭ ایڈمن پینل کی طرف سے
6) موقع اور ایام جیسے رمضان المبارک، عیدالفطر، عید الأضحی، شب برات وشب قدر اور محرم و عاشوراء وغیرہ کی مناسبت سے بروقت دینی رہنمائی پر مشتمل باتیں پیش کی جاتی رہیں گی۔ ان شاء اللہ
7) احوالِ مسجد سے باخبر رکھنے کے لیے مسجد سے متعلق اہم باتیں بھی مسجد انتظامیہ کی جانب سے شیئر کی جاتی رہیں گی۔ ان شاء اللہ
8) پوسٹ میں ویڈیوز کی لنک کی بھرمار نہ کی جائے۔ اس طرح ہم ویڈیوز کے ایپس یوٹیوب وغیرہ کی دعوت لوگوں کو دیتے ہیں جبکہ ان میں وقت زیادہ ضائع ہوتا ہے اور فحش مواد میں پڑنے کے امکانات بھی بہت ہوتے ہیں۔ ہم ایسی چیزیں پوسٹ کریں جس سے اسی واٹس ایپ پر ضرورت پوری ہوجائے مزید کسی اور جگہ جانا نہ پڑے۔
_____________________
٭ _____ ان کا لحاظ رکھیں!
گروپ میں بہت سی معزز دینی وعلمی شخصیات ہیں، ان میں ہمارے رفقاء، جامعہ ابوالحسن مالیگاؤں کے دارالافتاء کے مفتیان، مفتی حفظ الرحمن قاسمی اور مفتی عامر یاسین ملی صاحبان ہیں، ان کی اصلاحی تحریریں اور بیانات گروپ میں پابندی سے شئیر بھی کئے جاتے ہیں۔ کوئی دینی مسئلہ دریافت کرنا ہو تو استفتاء کے انداز میں لکھ کر باقاعدہ ان سے فتاوی ٰ بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں، اسی غرض سے انہیں گروپ میں شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرح ہماری مسجد کے امامِ تراویح حافظ سعید احمد ملی جامعی صاحب بھی گروپ میں تشریف رکھتے ہیں۔ کوئی بھی چیز شیئر کرتے وقت گروپ کی ان مؤقر شخصیات، امام مسجد اور سارے سنجیدہ افراد کا لحاظ رکھا جائے۔
______________
نوٹ : ایڈمن پینل کو موقع اور وقت کی مناسبت سے ان اصول و ضوابط میں ترمیم و اضافہ کا اختیار ہوگا۔
______________
٭ آپ سے تعاون کی اپیل
تمام ہی اراکینِ گروپ سے امید کی جاتی ہے کہ ان باتوں پر عمل کرکے اپنے گروپ کو مفید تر اور معیاری بنائے رکھنے میں پورا تعاون کریں گے۔ غیر معیاری اور اصولوں سے ہٹ کر پوسٹ کرنے پر "ایڈمن کے ڈیلیٹ فور ایوری ون" اختیار کا استعمال کرتے ہوئے ڈیلیٹ کیا جاتا رہے گا۔ کوشش کریں کہ انتشار وخلفشار کی نوبت نہ آئے، بے فائدہ پوسٹیں نہ ہوں بصورت دیگر گروپ پہلے ہی کی طرح "اونلی ایڈمن موڈ" پر کرنا پڑجائے گا۔
فقط والسلام
گروپ ایڈمن پینل
0 تبصرے