دین مختصر لفظوں میں دو چیزوں کا مجموعہ کہا جاسکتا ہے، ۱) اللہ کا حکم، ۲) نبیﷺ کا طریقہ ___ اللہ کا کلام؛ احکامِ الہی کا مجموعہ اور دستورِ حیات ہے، اور نبی ﷺ کا قول و عمل اسی کی تفسیر و تشریح، ___ نبی ﷺ کے طرزِ زندگی اور طریقے کو سنت کہا جاتا ہے جس کی بڑی اہمیت ہے، جب تک زندگی سنت کے سانچے میں ڈھل نہ جائے، سنت؛ طبیعت نہ بن جائے اس وقت تک تعلق مع اللہ کی دولت کا حصول محض خیال اور دھوکہ ہے۔
نقشِ قدم نبی کے ہیں جنت کے راستے
اللہ سے ملاتے ہیں سنت کے راستے
ہم نبی علیہ الصلوٰۃ والسلام کے طریقے کو اپنی روز مرہ زندگی کا حصہ بنالیں تو بڑی آسانی سے ہماری زندگی نبوی طرزِ حیات میں ڈھل جائے گی۔
سنت کی اتباع اور قبر کی تیاری :
اگر ہم غور کریں تو معلوم ہوگا کہ مسنون دعاؤں اور مسنون اعمال کا اہتمام، دراصل جواباتِ قبر کی عملی تیاری ہے؛ وہ اس طرح کہ قبر میں ہر شخص سے تین سوال کئے جائیں گے۔
۱) من ربک : تمہارا رب کون ہے؟ ۲) مادینک : تمہارا دین کیا ہے؟ ۳) تیسرا سوال اس صورت میں ہوگا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا چہرۂ مبارک دِکھا کر پوچھا جائے گا "ماکنتَ تقول فی ھذا الرجل : انہیں پہچانتے ہو یہ کون ہیں؟
جو شخص مسنون دعاؤں کا اہتمام کرتا ہے وہ دراصل قبر کے پہلے سوال کے جواب کی تیاری کر رہا ہے اور ان دعاؤں کے ذریعے ہر وقت اپنے پروردگار سے رابطہ کرتا ہے، اس کے رب ہونے کا اقرار کرتا ہے، اس طرح وہ اپنے رب کو یاد رکھ رہا ہے اور جس نے دنیا میں اپنے رب کو یاد رکھا ہوگا وہ بھلا قبر میں جاکر انہیں کیوں بھول جائے گا؟ وہ فوراً جواب دے گا؛ ربی اللہ : میرا رب اللہ ہے۔ .........
اسی طرح جو شخص مسنون اعمال کا اہتمام کرتا ہے وہ قبر کے تیسرے سوال کے جواب کی تیاری کر رہا ہے اس طور پر کہ ان مسنون اعمال کے ذریعے وہ ہر وقت حضور ﷺ کو یاد رکھتا ہے؛ تو جس نے دنیا میں رہتے ہوئے اپنے تمام اعمال میں آپ ﷺ کی اتباع کی اور اس اتباع کے ذریعے ہردم آپؐ کو یاد رکھا وہ قبر میں بھی آپؐ کو یاد رکھے گا، آپؐ کو پہچانے گا بلکہ آپؐ کے دیدار کا منتظر ہوگا کہ کب مَیں اپنے محبوب کا رخِ انور دیکھوں اور ان کی زیارت کروں۔ اور اسی خدا اور رسولؐ کی اطاعت کا نام دینِ اسلام ہے۔
اتباع سنت کی اہمیت:
سنت کی خلاف ورزی کے ساتھ اللہ کی ولایت نہیں ملتی، اتباع سنت کے بغیر آدمی خدا کا کامل بندہ ہو ہی نہیں سکتا، اللہ رب العزت کا تعلق، اس کی محبت و معرفت یہ ساری نعمتیں اتباع سنت کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتیں؛ یہ نعمتیں صرف اسے ہی ملا کرتی ہے جو اپنے ہر عمل میں رسول ﷺ کی نقل اتارنے والا بن جائے۔
دنیا میں سب سے آسان کام :
اتباع سنت سے زیادہ آسان کام شاید دنیا میں کوئی اور ہے ہی نہیں؛ اس لئے کہ اتباع سنت کو وجود میں لانے کے لئے کوئی علیحدہ عمل نہیں کرنا ہوتا ہے بلکہ روزمرہ کے وہ تمام کام جو ہم صبح سے شام تک کرتے ہیں ان میں نبی ﷺ کا طریقہ معلوم کر کے بس انہیں اس طریقے کے مطابق انجام دینا ہوتا ہے۔
سنتیں سیکھنے کی آسان سی ترتیب :
حضرت جی مولانا انعام الحسن نوَّر اللہ مرقدہ فرمایا کرتے تھے کہ "میں نہیں کہتا کہ آپ حضرات ساری سنتوں پر عمل کریں؛ بلکہ یہ کہتا ہوں کہ جو کریں سنت کے مطابق کریں۔" ہمیں سنتوں پر عمل کرنے کیلئے الگ سے کچھ کرنا نہیں بس صرف یہ کرنا ہے کہ اپنے وہ تمام کام جو صبح سے لے کر شام تک انجام دیا کرتے ہیں ان کی فہرست بنا کر انکی سنتیں معلوم کرنا ہے اور اسی کے مطابق کام کرنا ہے۔
سنتوں کے کارڈشیٹس :
اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے روزمرہ کاموں کے مسنون طریقے کو ایک ایک صفحہ پر تحریر کیا گیا ہے؛ جس کی ترتیب یہ ہے کہ
متعلقہ صفحے کو اسی سے متعلق مقام پر چسپاں یا آویزاں کردیا جائے اور اس کام کو کرتے وقت اس کی مسنون طریقہ اور مسنون دعا دیکھ کر پڑھ لی جائے؛ مثلاً سونے کے کمرے میں سوکر اٹھنے اور سوتے وقت کی سنتوں کی شیٹ، کھانے کے کمرے میں کھانے اور پانی پینے کی مسنون شیٹ لگالیں۔
یہ ترتیب بڑی مؤثر ہے، جگہ پر تذکیر و یاددہانی ہوجاتی ہے، موقع پر مسنون عمل آسان ہوجاتا ہے۔ گھروں میں یہ شیٹ لگانے سے نہ صرف ہم مسنون طریقے کے عادی ہونگے بلکہ ہمارے اہلِ خانہ بھی ہماری نقل کرتے ہوئے آہستہ آہستہ اس مبارک طرزِ زندگی کو اپناتے چلے جائیں گے اور انشاءاللہ اس طرح ہمارے گھروں اور معاشرے میں خوشگوار اسلامی و مشرقی تہذیب رواج پائے گی اور نبوی طرزِ حیات زندہ ہوگا۔ ان شاء اللہ العزیز
مسنون طریقوں کی شیٹس :
۱) سوکر اٹھنے کی سنتیں. ۲) بیت الخلاء میں داخل ہونے اور نکلنے کی سنتیں. ۳) کھانا کھانے کی سنتیں. ۴) پانی پینے کی سنتیں. ۵) گھر سے نکلنے کی. ۶) گھر میں داخل ہونے کی سنتیں. ۷) زینہ چڑھتے اور ۸) زینہ اترتے وقت کی سنتیں. ۹) آئینہ دیکھنے اور کنگھا کرنے اور تیل لگانے کی سنتیں. ۱۰) لباس کی سنتیں. ۱۱) جمعہ کے دس قیمتی مسنون اعمال
اسی کے ساتھ
۱۲) وضو اور مسواک کی سنتیں. ۱۳) استخارہ کیوں اور کیسے کریں. ۱۴) صلوٰۃ التسبیح کی فضیلت و طریقہ. وغیرہ
_____________________
0 تبصرے