اپنے رب کا شکر گزار ہوں



اپنے رب کا شکر گزار ہوں
(اپنے مالیگاؤں کے شہری ہونے پر)

آج ١١/ محرم الحرام ١٤٤٢ھ کاروبار بند ہے، شہر عزیز مالیگاؤں کی خاموش فضاؤں میں فجر کی اذان ہو رہی ہے، ہر طرف سے اللہ اکبر کی صدا کانوں میں گونج رہی ہے، اللہ پاک کی اس عظیم نعمت پر دل و زبان شکر گزاری کی طرف مائل ہوئے کہ کتنی عظیم نعمت ہے کہ ہر طرف سے رب العالمین کی بڑائی کے کلمات سماعتوں میں رس گھول رہے ہیں؛ بڑی محبت سے اذان کے جوابی کلمات زبان پر آتے رہے۔ والحمد للہ علی ذلک

تب اچانک ذہن اس شہر کی دوسری دینی خصوصیات کی طرف مائل ہوا اور شکر کے جذبات و احساسات میں ڈوبتا چلا گیا۔

١) یہ شہر میناروں کا شہر؛ (ابھی جلد ہی شہر کے مشرقی کنارے کے ایک پہاڑ سے ساتھیوں کے ساتھ بچشم خود اس خوبصورتی کا نظارہ کیا اور بات سچی معلوم ہوئی کہ شہر نشیب میں واقع ہونے کی وجہ سے ہر طرف مساجد کے مینار سر اٹھائے نظر آئے۔ الحمدللہ )
٢) شہر میں چھوٹے چھوٹے مکاتب سے لے کر بڑے مدارس کی قابلِ ذکر تعداد موجود ہےـ
٣) شہر عزیز؛ اطراف کے شہروں اور دیہاتوں کی دینی کفالت کرتا ہے، اطراف کے شہروں سے مدارس میں طلباء آتے ہیں اور یہاں سے دیہاتوں میں ائمہ و مؤذنین کا تقرر کیا جاتا ہے ان کے لئے تنخواہوں کا نظم کیا جاتا ہےـ
٤) ملک بھر سے دینی مدارس و مکاتب کے سفراء کی آمد ہوتی ہے اور اہالیانِ شہر کی دل کھول کر سخاوت قابلِ رشک ہےـ
(شاید انہیں دینی خصوصیات و دینی کاموں میں سخاوت و صدقات کی کثرت نے شہر کو وبائی مرض سے آزاد کر دیا ہے؛ سارا ملک پریشان ہے اور شہر میں امن و سکون کی فضا قائم ہےـ الحمد للہ)
٥) شہر میں دعوت و تبلیغ کے کام مضبوط ہیں، دعوت کے دونوں مراکز سے کام جاری و ساری ہےـ
٦) اردو زبان و ادب کا عام رواج و چلن ہے، اہالیان شہر کی اردو دانی، اسے اطراف کے شہریوں سے ممتاز کرتی ہےـ
٧) شہریوں کا دینی ذوق اور سادہ مزاجی "الْمُؤْمِنُ غِرٌّ كَرِيمٌ............. مومن بھولا بھالا اور شریف ہوتا ہےـ ........... " ‏ کی منہ بولتی تصویر ہےـ
٨) اسی شہر میں پیدا ہوئے، یہاں مکتب کی تعلیم سے لے کر حفظ و عالمیت اور تخصصات تک میں خود کفیل شہر؛ اس میں دینی تعلیم کا حصول آسان ہوگیا اسی شہر کے عظیم مدارس کے مخلص اہل علم باسیوں نے وہ اہلیت پیدا کی کہ ندوۃ العلماء میں بھی اپنے درجہ میں ممتاز رہےـ والحمد للہ علی ذلک


ان تمام باتوں پر نظر گئی اور دل و زبان مزید شکر گزاری کی طرف مائل ہوئے۔ اللہم لک الحمدُ شکراً ولک المنُّ فضلاً.......

اللہ پاک شہر عزیز کی دینی فضاء کو باقی رکھے اور ہمیشہ نظر بد سے محفوظ و مامون رکھے۔
آئیے! عزم کرتے ہیں کہ شہر عزیز مالیگاؤں کے اس دینی ماحول کو باقی رکھتے ہوئے مزید اس میں ترقیات کے لیے کوشاں رہیں گےـ ان شاء اللہ العزیز
وما ذلک علی اللہ بعزیز

نعیم الرحمن ملی ندوی




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے