قربانی کا مسنون طریقہ
اور اس کی دعا باتصوير
(ماخوذ : کتاب؛ قربانی کے فضائل و مسائل
مؤلف: مولانا جمال عارف ندوی صاحب
مہتمم جامعہ ابوالحسن علی ندوی مالیگاؤں)
جانورکو بائیں پہلو اس طرح لٹا دیا جائے کہ اس کے پیر قبلہ کی طرف ہوں۔ اور چہرہ جنوب کی طرف۔ ذبح کرنے والے کا چہرہ قبلہ کی طرف ہو۔ پہلے یہ آیت شریفہ پڑھے۔
اِنِّی وَجَّھْتُ وَجْھِیَ لِلَّذِیْ فَطَرَ السَّمَوٰتِ وَ الْاَرْضَ حَنِیْفاً وَّ مَا اَنَا مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ ؕ اِنَّ صَلَاتِیْ وَنُسُکِیْ وَمَحْیَایَ وَ مَمَاتِی لِلہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ، لَاشَرِیْکَ لَہٗ وَبِذٰلِکَ اُمِرْتُ وَ اَنَا اَوَّ لُ الْمسْلِمِیْنَ ؕ
اَللّٰھُمَّ لَکَ وَمِنْکَ
پھر جانور کے پہلو پر ذبح کرنے والا اپنا دایاں پیر رکھے ۔ اور جانور کے گلے کی ابھری ہوئی ہڈی (ٹھڈی) کے نیچے تیز دھار دار چھری رکھتے ہوئے تھوڑی بلند آواز سے بِسْمِ اﷲِ اَللہُ اَکْبَرْ کہے اور ذبح کرے۔ گردن کی چاروں رگیں کٹ جائیں تو اس سے زیادہ ذبح نہ کرے۔
ذبح کرنے کے بعد یہ دعا پڑھے۔
اللّٰھُمَّ تَقَبَّلْہُ مِنْ ۔۔۔۔۔۔۔کَما تَقَبَّلْتَ مِنْ حَبِیْبِکَ مُحَمَّدٍﷺوَخَلِیْلِکَ اِبْرَاہِیْمَ عَلَیْہِ الصَّلوٰۃُ وَالسَّلامُ
مِنْ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کے بعد ان لوگوں کا نام لے جن کی طرف سے قربانی کرنا ہے۔
اپنے جانور کو خود اپنے ہاتھوں سے ذبح کرنا زیادہ بہتر ہے۔یہاں تک کہ عورتیں بھی اپنے ہاتھوں سے ذبح کر سکتی ہیں بلکہ کرنا چاہئے بشرطیکہ کسی بھی درجہ میں بے پردگی نہ ہو۔ ذبح کرنے کے لئے کسی عالم یا حافظ کا ہونا ضروری نہیں۔ لیکن مسنون طریقہ کا علم ہونا ضروری ہے۔
اگر قربانی کی دوسری دعائیں نہ پڑھی صرف بسم اﷲ اﷲاکبر کہہ کر ذبح کیا اور جن کی طرف سے قربانی ہے دل میں ان کی نیت کرلی تو درست ہے۔ اگر بسم اللہ اللہ اکبر کہنا بھول گیا ہو تب بھی قربانی درست ہے۔
*قربانی کی اصل روح*
جس وقت آدمی جانور ذبح کرے اس وقت اس کے دل میں یہ احساس ہونا چاہئے کہ اس جانور کی شکل میں دراصل آج میں اپنے نفس کو ذبح کر رہا ہوں، اپنی تمناؤں اور آرزؤں کی گردن پر چھرا چلا رہا ہوں۔ آج کے بعد سے اللہ کے حکم کے مقابلے میں میری اپنی کوئی خواہش نہیں، کوئی آرزو اور تمنا نہیں۔ راہ حق میں میرا سب کچھ قربان ہے، یہاں تک کہ اگر ضرورت پڑے تو دین کے خاطر خود اپنی جان بھی قربان کر دوں گا۔
(نوٹ: نیچے قربانی کے مسنون طریقے کو تصاویر کے ذریعے پیش کیا گیا ہے؛ اس تصویر کو موبائل میں قبلہ رخ رکھ لیں اور اسی طرح قربانی کے جانور کو لٹائیں اور قربانی کریں۔)
……………………………………..
*زیراکس کاپی بطورِ ہدیہ حاصل کریں:*
بیشتر مقامات پر لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں پر قربانیاں ہورہی ہیں اس لیے *امیج* کے ساتھ ساتھ *پی ڈی ایف فائل* بھی پیشِ خدمت ہے اس کی پرنٹ نکال لی جائے اور صاحبِ مال اس کو اپنے اپنے علاقوں میں تقسیم کردیں تو بڑی آسانی ہوگی۔ ان شاء اللہ
شہر عزیز مالیگاؤں کے لیے مسجد حضرت عثمان ابن عفانؓ؛ نزد ناندیڑی اسکول سے کسی بھی نماز کے بعد زیراکس کاپی بطورِ ہدیہ حاصل کی جاسکتی ہیں۔
منجانب : شعبہ نشر و اشاعت
جامعہ ابوالحسن علی ندوی، دیانہ،
مالیگاؤں
0 تبصرے