#دس روزہ آسان اور مسنون نکاح مہم. 14 تا 23 مارچ 20121ء... زیر اہتمام آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ
*سلسلہ 1)*
______________________
*کتاب ؛ نکاح ایک عبادت ہے*
_*افادات مولانا محفوظ الرحمٰن قاسمیؒ*_
کتاب "نکاح ایک عبادت ہے" از اول تا آخر پڑھا اور عوام و خواص ہر دو کیلئے بڑی مفید پایا، خیال ہوا کہ کچھ تعارفی سطریں لکھوں لیکن *استاد محترم مولاناجمال عارف ندوی صاحب کا بیش قیمت مقدمہ اور مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب کی جاندار تقریظ* کے بعد مناسب معلوم ہوا کہ یہی باتیں کافی و شافی ہیں، چنانچہ دو سطریں کتاب ہی سے نقل کرتے ہوئے مذکورہ صاحبین کی تحریروں کے اہم اقتباس پیش کرتا ہوں، اتنی ہی باتیں *موجودہ حالات میں کتاب کی اہمیت و ضرورت کو پوری طرح واشگاف کردیتی ہیں۔ اور آپ اسے مکمل پڑھنے پر یقیناً اپنے آپ کو مجبور پائیں گےـ*
______________________
نکاح ایک عبادت ہے؛ جسے عبادت کے طرز پر انجام دیناچاہئے۔ *حضرت مولانا محفوظ الرحمان قاسمیؒ* جمعہ کے دن دو تقریریں فرمایا کرتے تھے، ایک جمعہ کی نماز سے پہلے، جو شہر کی جامع مسجد اوردیگر مساجد میں ہوتی تھیں، اور دوسری تقریر بعد نماز عشاء رحمانی مسجد نیاپورہ میں، ان دونوں تقریروں میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوتے تھے، خاص طور پر رحمانی مسجد نیاپورہ میں عام لوگوں کے ساتھ خواص کا قابل لحاظ مجمع ہوتا تھا، اور مولانا مرحوم بڑی تیاری کے ساتھ اہم موضوعات پر اظہار خیال فرمایا کرتے تھے، مندرجہ ذیل تقریر انہوں نے رحمانی مسجد نیاپورہ میں۳۰؍اپریل ۱۹۹۳ء کو کی جس میں نکاح کی اہمیت اور اسلام میں اس کی حیثیت پر خوبصورت انداز میں گفتگو کی گئی ہے اور جہیز سے بچنے کی تلقین بھی موجود ہے۔ اسے کتابی شکل دی گئی ہے، اس کی پی ڈی ایف فائل درج بالا لنک سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہےـ ______
.................................
*افادات:* حضرت مولانا محفوظ الرحمٰن قاسمیؒ
*باہتمام:* مولاناجمال عارف ندوی صاحب
*سن اشاعت:* جنوری ۲۰۲۱ء
*صفحات :* 40
.................................
*کتاب کے مقدمے میں مولانا جمال عارف ندوی صاحب رقمطراز ہیں :*
افسوس کہ مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد نے آج نکاح اور شادی بیاہ کو رسم ورواج کی بیڑیوں سے ایسا بوجھل بنادیا کہ شادی انتہائی مشکل اور مہنگی ہوگئی ہے، جہیز کا مطالبہ، بڑی بڑی باراتیں، لمبی چوڑی دعوتیں، اعلیٰ قسم کے ڈیکوریشن، کپڑے لتوں اور زیورات کی کثرت، مختلف رسوم کے نام پر رقومات کا لین دین ان ساری چیزوں نے معاشرہ کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، اب شادی مہنگی اور مشکل اور زنا سستا اور آسان ہوگیا ہے۔ غریب ماں باپ اور ان کی نوجوان اولادیں ان اخراجات کے متحمل نہ ہونے کے باعث ڈپریشن کا شکار ہورہے ہیں، جس کے نتیجہ میں خودکشی کے واقعات رونما ہورہے ہیں، جہیز کا مطالبہ ایک مستقل ناسور بن گیا ہے، جس نے ہزاروں، لاکھوں دلہنوں کو زندہ نذرِ آتش اور ان کے بوڑھے والدین کو زندہ درگور کردیا ہے۔
ان حالات میں شادی بیاہ کے طور طریقوں سے متعلق مسلمانوں میں بیداری پیدا کرنا، نکاح سے متعلق شریعت کے سادہ وآسان طریقوں کو خوب بیان کرنا، نوجوان جوڑوں اور ان کے والدین کو شادی کی تقریبات سادگی کے ساتھ، مسنون طریقہ کے مطابق انجام دینے کی ترغیب دینا صرف علماء وائمہ اور اصلاح معاشرہ کے علمبرداروں کا نہیں بلکہ ہر باشعور صاحبِ ایمان مرد وعورت کا کام ہے، تاکہ مسلم معاشرہ کو بھیانک تباہی سے بچایا جاسکے۔
پیش نظر کتابچہ اسی مقصد کی تکمیل کےلئے ہے، مختلف نامور علماء وخطباء کی تحریریں اور تقریریں اس موضوع پر ملتی ہیں، *ان ہی میں شہر مالیگاؤں کے مشہور و بلند پایہ عالم دین، نامور خطیب وجلیل القدر شیخ الحدیث حضرت مولانا محفوظ الرحمٰن قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کے مذکورہ خطبات بھی ہیں ............*
______
*کتاب کی تقریظ میں مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب لکھتے ہیں کہ :*
اس رسالہ کی دونوں تقریریں نکاح سے متعلق ہیں، کتاب و سنت کی روشنی میں بڑی اہم اور قیمتی باتیں ان دونوں تقریروں میں بیان کی گئی ہیں، جہاں ایک طرف نکاح کی اہمیت و افادیت اور اس کی شرعی حیثیت پر گفتگو کی گئی ہے، وہیں نکاح کے سلسلے میں ہندوانہ رسموں، اور غیر شرعی باتوں اور کاموں پر نکیر بھی کی گئی ہے ............
______________________
*یہ کتابچہ مالیگاؤں کے نوخیز ادارے جامعہ ابوالحسن علی ندویؒ، دیانہ کی جانب سے شائع کیا جارہا ہے۔* مکمل کتابچہ مضمون کے ساتھ پیش ہے اور اوپر آرکائیو لنک سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہےـ خود بھی پڑھیں اور دوسرے پڑھے لکھے سنجیدہ افراد تک بھی اسے پہنچائیں۔
والسلام
نعیم الرحمن ندوی
➖➖➖
0 تبصرے