بچوں کا کامکس اور کارٹونک ادب
(رابطہ ادب اسلامی شاخ مالیگاؤں
کی پہلی پیشکش)
✍ نعیم الرحمن ندوی
ادب وہ ہے جو انسان کو متاثر کردے، ادب صرف شاعری یا خوبصورت عبارت ہی نہیں بلکہ ہر وہ چیز ہے جو فکر و خیال پر اپنا اثر چھوڑے، دل و دماغ کو اپنے تصرف و قبضے میں لے لے۔ (مولانا الیاس ندوی بھٹکلی)
مؤرخہ 6 فروری 2021ء ، بروز سنیچر بعد نماز مغرب، ندوی لائبریری مالیگاؤں میں أبناء ندوہ کے درمیان رابطہ ادب اسلامی کے تعارف و مقاصد کو بیان کرتے ہوئے مولانا موصوف نے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا، بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم اور ہمارے رفقاء نے قرآن مجید میں بیان کردہ پیغمبروں کے واقعات میں "پیغمبروں کی کہانی سیریز" میں کامکس اور کارٹون کو شامل کیا، ملٹی کلر، دیدہ زیب طباعت اور انگریزی کتابوں کے معیار پر رکھتے ہوئے مارکیٹ میں پیش کیا جس سے مسلم بچوں کا ایمان مضبوط ہو رہا ہے اور غیر مسلم بچے بھی پڑھ کر "نبیوں کے قرآنی قصوں" کے واقف ہو رہے ہیں۔
اس تمہید کے بعد عرض ہے کہ
موجودہ زمانے میں بچوں کے ادب میں کامکس سے آگے بڑھ کر کارٹون ویڈیوز کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے، یہ کارٹون ویڈیوز بچوں ہی کو نہیں بچوں کے ماں باپ یعنی بڑوں کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ جو لوگ جانتے ہیں وہ اس بات کا بخوبی احساس و ادراک رکھتے ہیں اور انہیں اپنے آس پاس صاف نظر آرہا ہے کہ آج اسی کارٹونک ادب کے ذریعے چھوٹے چھوٹے مسلمان بچوں میں کفر و شرک اور اپنی مسلم تہذیب و ثقافت اور اسلامی اخلاقی اقدار سے بغاوت پیدا کی جارہی ہےـ ضرورت اس بات کی ہے کہ "ادبِ اطفال" کی اس سمت میں بھی قدم تیز کیا جائے اور کچھ نہ کچھ بس بھر پیش رفت کی جائے یہ چیز وقت کی ضرورت بن گئی ہےـ
چنانچہ *"رابطہ ادب اسلامی شاخ مالیگاؤں"* کی پہلی *"مکالماتی کاوش"* پیشِ خدمت ہے جو خالص اسلامی فکر و عقیدے پر مشتمل ہےـ ان شاء اللہ آئندہ بھی عقائد اور پیغمبروں کے قصوں پر مشتمل اس طرح کی مفید کاوشیں پیش کی جاتی رہیں گی۔
______________________
مذکورہ کاوش ایک نظر میں :
اپنے گھر والوں کو کفر و شرک سے کیسے بچائیں؟ ....... اس کا ایک عملی نمونہ اللہ پاک نے اپنے کلام میں ذکر فرمایا ہے؛ وہ ہے اہلِ خانہ کو بطورِ خاص چھوٹے بچوں کو اس طرح نصیحت کرنا، پیار بھرے انداز میں سمجھانا جیسا حضرت لقمان حکیم نے اپنے بیٹے کو سمجھایا تھا۔
حضرت لقمان حکیم نے باپ ہونے کی حیثیت سے اپنے بیٹے کو انتہائی مؤثر انداز و اسلوب میں زندگی بھر کی سوچ و فکر کا حاصل اور لبّ لباب نصیحت میں بیان کیا جنہیں حکمت سے بھرے قرآن میں ذکر کیا گیا ہے؛ ان میں انکی سب سے پہلی نصیحت ہے :
وَاِذۡ قَالَ لُقۡمٰنُ لِا بۡنِهٖ وَهُوَ يَعِظُهٗ يٰبُنَىَّ لَا تُشۡرِكۡ بِاللّٰهِ ؕاِنَّ الشِّرۡكَ لَـظُلۡمٌ عَظِيۡمٌ ۞ (سورۃ لقمان: 13)
ترجمہ:
اور اس وقت کا ذکر کیجیے جب لقمان نے اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اے بیٹا اللہ کا شریک نہ ٹھہرانا؛ بیشک شرک بڑا بھاری ظلم ہے۔ {مولانا عبد الماجد دریابادی}
______________________
اس ویڈیو میں ہم یہی نصیحت انہیں کے اسلوب میں مکالماتی انداز (ڈائیلاگ) میں کارٹون کے کرداروں میں پیش کر رہے ہیں۔ ایک والد کا کردار (راقم الحروف) ہے اور دو کردار لڑکے نعمان اور بچی ام ایمن ہےـ
جس میں درج ذیل سوالوں کے آسان زبان میں مختصر جوابات دیئے گئے ہیں۔
1) شرک کیا ہے؟
2) اللہ پاک کی ذات میں شرک کرنے کے کیا معنی ہیں؟
3) اللہ پاک کی صفات میں شرک کرنے کے کیا معنی ہیں؟
4) شرک فی الصفات کی مختصر تفصیل کیا ہے؟
5) شرک کو بڑا ظلم کیوں کہا گیا ہے؟
6) عقلی طور پر دو یا کئی خدا کیوں نہیں ہوسکتے ہیں؟
ویڈیو بچوں کے ساتھ بڑوں کے لیے بھی بڑی مفید ہے، اس لیے کہ اکثر لوگ شرک کی حقیقت سے ناواقف ہوتے ہیں، اسے سن کر، سمجھ کر اپنے بچوں کو اپنی زبان میں سمجھانا آسان ہوجائے گا۔ ہم اپنے ننھے معصوم بچوں کو جہنم کی آگ سے بچانا چاہتے ہیں تو اس طرح کی کوششیں سنجیدگی کے ساتھ کرنا اور ان میں لگنا ہوگا۔
____________________________
ویڈیو فقط نو (9) منٹ کی ہے اور انتہائی بنیادی باتوں پر مشتمل ہےـ ضرور دیکھیں اور اپنے دوست احباب تک بھی پہنچائیں۔ لنک ⬇
0 تبصرے