مسجد عثمان ابن عفانؓ میں ایک بامقصد لائبریری کا قیام



       (بقدر ضرورت) علم دین کا طلب کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ اس حدیث مبارکہ کے حکم پر عمل کرنا ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے، کچھ فکرمند لوگ علماء سے پوچھ کر دینی کتابوں کا مطالعہ کرتے بھی رہتے ہیں لیکن بہرحال اس بات کی ضرورت محسوس کی جاتی رہی کہ عوام الناس کے لئے معتبر علماء کی کتابوں سے انتخاب کرکے مختصر سا نصاب تشکیل دیا جائے۔ الحمدللہ اس ضرورت کی تکمیل شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی صاحب نے فرمائی اور 14 سے 15 اہم ترین کتابوں پر مشتمل ایک مختصر سا انتہائی مفید نصاب ﴿ بقدر ضرورت علم دین سیکھنے کے لئے ایک مطالعاتی نصاب کا خاکہ ﴾ اس عنوان سے تشکیل دیا۔ جس کی خصوصیت یہ ہے کہ اس کو ترتیب سے مطالعہ کرنے سے نہ صرف بقدر ضرورت علمِ دین حاصل ہوگا، دین کی بنیادی اور ضروری باتیں معلوم ہونگی بلکہ انسان کسی باطل نظریے سے گمراہی کا شکار بھی نہیں ہوگا۔ ساتھ ہی دینی زندگی میں خوشگوار تبدیلی آئے گی۔ ان شاء اللہ العزیز

لائبریری تیار ہوگئی :
      قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ الحمد للہ اس مفید و مؤثر نصاب کو مسجد عثمان ابن عفانؓ مالدہ شیوار میں خرید کر یکجا کیا گیا، شہر کے کتب فروشوں سے بیشتر کتابیں نہیں مل سکیں تو دیوبند وغیرہ سے منگوائی گئیں اور مسجد میں منبر و محراب سے لگ کر کانچ کی خوبصورت کھلی الماری بنواکر مصلیانِ کرام کے لئے رکھ دی گئیں۔ 
        بحیثیت امامِ مسجد ذمہ دارانِ مسجد کے سامنے اس منصوبے کو رکھا، انہوں نے بہت پسند کیا، جمعہ میں اس نصاب کا مکمل تعارف پیش کیا، اس کام کے لیے تعاون کی ترغیب دی، مصلیان نے بڑھ کر ذوق و شوق سے حصہ لیا اور مہینے بھر کے اندر ہی مکمل نصاب خریدکر خوبصورت و دیدہ زیب الماری میں "ایک بامقصد لائبریری" تیار ہوگئی۔ والحمدللہ على ذلک - وما توفیقی الا باللہ ___ کچھ مصلیان نے نصاب کے مطالعے کی طرف رغبت دکھائی اور الحمدللہ امامِ مسجد کی رہنمائی میں ان کے مطالعے کا سفر بھی جاری ہوگیا۔ دعا ہے اللہ پاک اس مبارک سلسلے کو تادیر قائم و دائم رکھے۔ آمین یا رب العالمین

مزید مفید و کم مدتی نصاب :
      مذکورہ کتب خانے میں اس نصاب کے ساتھ مزید کچھ مفید کتابیں اور کچھ مختصر مدتی نصاب بھی ہیں۔
1) قرآنی عربی کورس : اس کی دو کتابیں ہیں ۱- معلم القرآن ۲- لغت القرآن (مفتی محمد نعیم کراچی)
2) مستورات کی تعلیم کا نصاب : نو کتابیں 
3) جمعیۃ المسلمین مالیگاؤں کے زیر اہتمام اولین نصاب : تخصص تعلیم بالمراسلۃ
4) سلسلہ منصوبہ کلمۃ اللہ ھی العلیاء : محور؛ عقائد آٹھ کتابیں
 5) شمائل کبریٰ مکمل بارہ جلدیں (مفتی محمد ارشاد قاسمی) 
6) دینی تعلیم کا رسالہ مکمل بارہ جلدیں (مولانا سید محمد میاںؒ)
_________

       خیال ہوا کہ اس کام کو دوسروں تک بھی پہنچایا جائے تاکہ دوسری مساجد اور کتب خانوں میں بھی اسے تشکیل دیا جاسکے اس طرح زیادہ لوگوں کو دینی و فکری فائدہ پہنچے گا۔ لائبریری اور نصاب دونوں کے خرچ بہت کم ہیں فقط 15 سے 17 ہزار میں یہ مفید کام پایہ تکمیل کو پہنچا۔

گذارش؛ اس پر بھی خرچ ہو :
       آج مساجد میں مصلیان کرام کی "جسمانی راحتوں اور ضرورتوں" کا خیال کرتے ہوئے اے سی کولروں کا انتظام کیا جا رہا ہے جس کا خرچ کم و بیش دیڑھ پونے دو لاکھ تک پہنچ رہا ہے۔ لکڑی کی کھردری چٹائیوں کی جگہ اب مہنگے نرم و دبیز قالین خریدے جارہے ہیں جس کا خرچ بھی نصف لاکھ سے زائد ہوجاتا ہے، اور بھی دوسری ضروریات ہیں۔ گذارش ہے کہ ان چیزوں کے ساتھ مصلیان کرام کی "علمی و دینی ضروریات اور اصلاحِ فکر و عمل کے کاموں" پر بھی خرچ کیا جائے۔ امید ہے اہلِ خیر حضرات اپنے محلوں کی مساجد میں اور دینی مقامات پر ضرور ایسی بامقصد لائبریریاں، کتب خانے قائم کریں گے۔ ان شاء اللہ العزیز
 
 از نعیم الرحمن ندوی
 امام و خطیب مسجد عثمان بن عفانؓ
مالدہ شیوار، مالیگاؤں

نوٹ : لائبریری کی تصاویر اور نصاب وغیرہ کی مزید تفصیلات بلاگر پر ملاحظہ فرمائیں۔ لنک اوپر







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے