زحمت بھی رحمت ہے



زحمت بھی رحمت ہے
نعیم الرحمن ندوی

     ۱۹/ اکتوبر ۲۰۲۱ء بروز منگل، طلبۂ جامعہ ابوالحسن کے ہمراہ "گجرات کی آنکھوں کا تارا ؛ ساپوتارہ" جانا ہوا، مغرب سے قبل بوٹنگ/ کشتی رانی کر رہے تھے، مفتی حفظ الرحمن، مولانا جمال ناصر، ایک طالبعلم اور راقم چار لوگ کشتی پر تھے، خود ہی پیڈل چلا رہے تھے، مفتی صاحب تھک گئے تو میں ان کی جگہ لینے کیلئے اٹھا کہ اُسی دم ایک پیر کے گھٹنے میں لوہے کا پیڈل زور سے لگا، شدید درد ہوا ،گھٹنا پکڑ کر بیٹھ گیا، اس کے بعد دوبارہ اٹھنے کی ہمت کی تو دوسرے پیر کے گھٹنے کے نیچے والی ہڈی پر پیڈل لگا، بے چین ہوکر مَلتے رہ گیا، اس کے بعد بہت سنبھل کر جگہ تبدیل کیا اور ہمت کرکے پیڈل مارنا شروع کیا، جس کی گرمی سے سردی بھی کم ہوئی اور درد بھی کافور ہوگیا۔ الحمدللہ
       بوٹنگ/ کشتی رانی سے واپس ہوئے تو گیٹ پر کشتی رانی کے متعلق ہدایت نامے پر نگاہ گئی، لکھا تھا، "پانی 70 فٹ گہرا ہے، دوران بوٹنگ جگہ کی تبدیلی خطرہ ہے۔" آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں کہ اگر خدانخواستہ وہ پیروں پر پیڈلوں کی چوٹ نہ لگتی اور جگہ بدلتے ہوئے کچھ بے احتیاطی ہوتی، گرپڑتے تو چاروں کی جان خطرے میں پڑجاتی، اللہ پاک نے بچالیا۔ واقعی دل سے نکلا __ الحمدللہ علی کل حال __ ہر حال میں اللہ کا شکر ہے، زحمت بھی رحمت ہے۔
      نبی کریم ﷺ نے اسی بات کی تلقین فرمائی اور ایسے موقع پر اسی دعا کی ہدایت کی، صلٰوۃ و سلام ہو ایسے محسن نبی پر _صلی اللہ علیہ وسلم_

جمعرات، ۱۴ ربیع الاول ۱۴۴۳ھ
مطابق ۲۱ اکتوبر ۲۰۲۱ء 


#ذاتی ڈائری کا ایک ورق

_____________________ 







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے