آیاتِ قرآنیہ کا حسنِ انتخاب



نام کتاب : توضیح الآیات (مسلمان بچیوں اور عورتوں کیلئے)
مؤلف کتاب : مولانا عقیل احمد ملی قاسمی
تبصرہ نگار : مولانا نعیم الرحمن ملی ندوی
( استاد تفسیر و حدیث جامعہ ابوالحسن مالیگاؤں)

ہم سب تسلیم کرتے ہیں اور اس سے انکار ممکن بھی نہیں کہ عورتیں آبادی کا نصف حصہ ہیں، معاشرے کو بنانے بگاڑنے میں ان کا کردار مردوں کے برابر بلکہ قدرے زیادہ ہوتا ہے، گھر کو جنت کا نمونہ عورتیں بناتی ہیں اگر وہ اخلاق و کردار میں قرن اول کی نیک بیبیوں صحابیات اور ازواج و بناتِ مطہراتؓ کی صفات کو اپنالیں؛ انہیں ایسے بلند اخلاق اور پاکیزہ صفات کی ہدایت و رہنمائی آسمانی کتاب ہی نے کی ہے اور آگے قیامت تک کرتی رہے گی۔ لیکن اس کتاب الٰہی کی تفہیم اور اس سے تعلق و رابطہ جیسا پیدا کرنا چاہیے افسوس روز بروز کمزور ہوتا جارہا ہے، بیشتر نوجوان بچیوں کے لئے بس "بڑی کتاب" کے ناظرہ ختم کرالینے ہی کو کافی سمجھ لیا جاتا ہے۔ قرآن پاک میں لڑکیوں اور عورتوں کے لئے کیا ہدایات ہیں؟ اس عنوان سے کوئی بات ان کے کانوں سے نہیں گزرتی۔ اس طرف گھر کے ہر سرپرست و نگراں کو، ہر باپ کو، بڑے بھائی کو توجہ کرتے ہوئے فکرمند ہونا چاہیے۔

حالات اس بات کے شدید متقاضی ہیں کہ امت مسلمہ کی بیٹیوں کا تعلق کسی نہ کسی شکل میں کتاب الٰہی سے جوڑا جائے اور مفید و مؤثر، آسان اور مختصر نصاب ترتیب دیئے جاتے رہیں۔ الحمدللہ اسی ضرورت کو سامنے رکھتے ہوئے نوعمر بچیوں اور پختہ عمر خواتین ہر ایک کے لئے یکساں اہمیت کا حامل کم مدتی نصاب نوجوان و فعال عالم دین مولانا عقیل احمد ملی قاسمی نے اپنے رفقاء کار مولانا اشتیاق احمد ملی قریشی اور مولانا عبداللہ ملی رحمانی کے ہمراہ اپنے بڑے اور طویل مدت تدریسی تجربہ رکھنے والے اساتذہ حضرت مولانا ادریس عقیل ملی قاسمی صاحب ، مولانا زبیر احمد ملی ندیمی صاحب ، مفتی حامد ظفر ملی رحمانی صاحب دامت برکاتہم کی رہنمائی میں تیار کیا۔
______________
توضیح الآیات کے مشمولات :
یہ کتاب شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم کے آسان ترجمہ و تفسیر (توضیح القرآن) کا انتخاب بلکہ مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب کے الفاظ میں "حسنِ انتخاب" ہے۔ اس میں ان تمام آیات کو منتخب کیا گیا ہے جن میں مردوں کے ساتھ عورتیں بھی مخاطب ہیں یا بطورِ خاص عورتوں سے متعلق احکامات و ہدایات مذکور ہیں۔ سورۃ النساء، سورۃ النور سمیت چودہ سورتوں سے متعلقہ آیات شامل کتاب ہیں۔
______________
اس کتاب کو مکاتب و جامعات میں
نصابی تعلیم کا حصہ بنائیں :
کتاب کو مدرسۃ البنات الصالحات (داتار نگر مالیگاؤں، مہاراشٹر) میں بطور تجربہ طباعت سے قبل تقریباً پانچ سال پڑھایا گیا، کتاب کو تین حصوں میں تقسیم کر کے طالبات پر عملی تجربہ سے گزارا گیا، اچھے نتائج آنے پر اسے اب طبع کیا گیا ہے۔ کتاب کی افادیت اور تجرباتی مرحلے سے گذار دینے کے بعد محسوس ہوتا ہے کہ اسے بچیوں کے مکاتب اور لڑکیوں کے جامعات میں ابتدائی درجات میں نصاب کا حصہ ضرور بنانا چاہیے۔ جامعات میں ابتدائی درجات میں؛ اجمالی طور پر؛ اپنے سے متعلق ربانی ہدایات سے گزرنے کے بعد اونچے درجات میں ان کی تفصیل و استحضار؛ علم وفہم میں پختگی پیدا کرے گا ساتھ ہی اخلاق کی تعمیر میں یہ چیز موثر کردار ادا کرے گی۔ ان شاء اللہ العزیز
______________
اس کتاب کو گھروں میں
کتابی تعلیم کا حصہ بنائیں :
اس کی عمومی افادیت کے پیش نظر امور خانہ داری میں مشغول خواتین کیلئے بھی اس کتاب کا ذاتی مطالعہ دین اور قرآن فہمی میں بے حد مفید ہوگا؛ اور نوعمر بچیوں اور عورتوں کو آیات الہی کا یہ انتخاب "کتابی تعلیم کی شکل" میں گوش گزار کردیا جائے تو فائدہ سے خالی نہیں؛ گزری ہوئی باتیں وقت آنے پر یاد آتی ہیں اس وقت تھوڑی سی تذکیر و یاددہانی بھی کفر و شرک اور ضلالت و گمراہی سے بچانے میں معاون بن جائے گی لیکن بالکل جہالت و لاعلمی؛ دین و ایمان اور عزت و آبرو ہر دو چیز کیلئے انتہائی خطرناک ہے۔ اس بے تعلقی اور قرآن مجید سے دوری کا جو منطقی نتیجہ ہونا چاہیے وہ آج امت کی بیٹیوں کے ارتداد کی بھیانک شکل میں ہم سب کے سامنے ہے۔
اگر اب بھی نہ جاگے تو .........
______________
دعا ہے کہ
اللہ پاک اس کتاب کا نفع عام و تام فرمائے، ناشرین و معاونین اور مؤلف کتاب کو دارین میں بہترین بدلہ عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین

کتاب کا سرورق، فہرستِ عناوین، تقاریظ اور عرض مرتب درج ذیل پی ڈی ایف کتابچہ میں ملاحظہ فرمائیں۔

نوٹ: کتاب جلد ہی منظر عام پر آرہی ہے، مؤرخہ 10 اگست 2021 بروز منگل بعد نماز عشاء، بمقام مسجد رابعہ (بڑی مالیگاؤں اسکول کے سامنے) پروگرام میں کتاب کا رسم اجراء ہوگا۔ ان شاء اللہ العزیز

کتاب بک کرانے کیلئے درج ذیل نمبرات پر رابطہ کریں۔
1) مولانا عقیل احمد ملی قاسمی
9270062488
2) مولانا اشتیاق احمد قریشی ملی
9822233437
3) مولانا عبداللہ ملی رحمانی
9960473950

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے