نام کتاب : “روزی اور کاروبار میں برکت کا راز”
مرتب: مولانا محمد یاسین ملی صاحب
(امام و خطیب مسجد یاسین، استاذ معہد ملت مالیگاؤں، موبائل: 9226188438)
صفحات: 168۔ قیمت: 80
تبصرہ نگار: نعیم الرحمن ندوی
(استاذ جامعہ ابوالحسن و امام مسجد عثمان بن عفانؓ مالیگاؤں)
١) کیا آپ روزی اور کاروبار میں برکت چاہتے ہیں؟
٢) کیا آپ ذریعۂ معاش کے بارے میں پریشان حالی کا شکار ہیں اور تنگئ معاش کی آزمائش سے نکلنا چاہتے ہیں؟
٣) اگر آپ خوش حال ہیں تو خوشحالی کو باقی رکھتے ہوئے اس میں مزید برکت چاہتے ہیں؟
اگر ہاں ……….. !!!
تو پھر استاذ محترم مولانا محمد یاسین ملی صاحب کی بہترین تصنیف “روزی اور کاروبار میں برکت کا راز” ضرور خرید کر پڑھئے!
راقم الحروف نے اس کتاب کو از اول تا آخر پڑھا؛ ذاتی طور پر بہت فائدہ ہوا اور محسوس ہوا کہ یہ کتاب ہر گھر کی ضرورت ہے، ہر شخص کو پڑھنا اور دی گئی ہدایات کو عمل میں لانا چاہیےـ
*مؤلف کی محنت و خلوص*
کتاب کو پڑھنے کے دوران محسوس ہوا کی مؤلفِ کتاب نے کتاب کو “بہت محنت اور بڑے خلوص سے” لکھا ہے، محنت کا اندازہ تو آپ پڑھ کر کرہی لیں گے اور خلوص کی بات یہ ہے کہ آپ نے اپنے ذاتی مشاہدات و تجربات کو شاملِ کتاب کیا ہے؛ اپنے اور اہلِ خانہ کی باتوں اور واقعات کو بھی بلاتکلف نذرِ قارئین کردیا ہے، جس نے اپنی تاثیر میں “سونے پر سہاگے” کا کام کیا ہے، اس لئے کہ صاحبِ کتاب جب اپنے تجربات و مشاہدات، اپنے پر بیتے واقعات بیان کرتا ہے تو اس سے قاری کے یقین میں بے پناہ اضافہ ہوجاتا ہےـ
*کتاب و مؤلف کی نِتھْری ظرافت*
ساتھ ہی مؤلفِ کتاب کی دلچسپ طبیعت اور سنجیدہ ظرافتِ طبعی کا خوبصورت عکس اس میں اتر آیا جس سے کتاب کا پڑھنے والا کبھی مسکراتا ہے تو کبھی بے ساختہ ہنس پڑتا ہےـ
استاذِ محترم بڑے ذہین و فطین واقع ہوئے ہیں اور صاف ستھری ظرافت آپ کی طبیعت میں رچی بسی ہے۔ دورانِ مطالعہ کلاس روم کا سارا منظر نظروں میں گھوم گیا، مولانا کی زبردست خوبی ہیکہ آپ طلبہ کے درمیان کام کی باتیں ظرافت کی میٹھی گولی میں لپیٹ کر پیش کرتے ہیں، بات دل میں اتر بھی جاتی اور طبیعت بھی بحال ہوجاتی تھی، کلاس روم میں آپ کے پیریڈ کا انتظار رہا کرتا تھا، بالکل وہی کیفیت ابھی محسوس ہوتی رہی، کتاب پڑھتے ہوئے ذرا بھی بوریت کا احساس نہیں ہوا۔ آپ بھی پڑھیے، اور اس خوشگوار احساس کا لطف اٹھائیے۔ حقیقت یہ ہے کہ استاذ محترم کی خوبیاں زیادہ ہیں یہ الفاظ کم ہیں۔ دل سے دعا نکلتی ہے؛ اللہ پاک آپ کی ذات سے امت کے نونہالوں کو خوب نفع پہنچائے۔ آمین
*کتاب پر اجمالی نظر*
کتاب کے 7 سے 17 صفحات پر شہر عزیز مالیگاؤں کے اکابر علماء؛ حضرت مولانا قاضی عبدالاحد صاحب ازہری مدظلہ، حضرت مولانا محمد ادریس عقیل ملی قاسمی صاحب مدظلہ، مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب مدظلہ کی تقاریظ ہیں۔
کتاب کا پہلا حصہ تقریبا 50 صفحات پر مشتمل ہے جس میں رزق کے متعلق انتہائی قیمتی باتیں پیش کی گئی ہیں اور ساتھ ہی بیشتر اپنے ذاتی مشاہدات و تجربات پر مبنی بڑے مؤثر واقعات کو شاملِ کتاب کیا ہےـ اس چیز نے کتاب کو بڑوں کے ساتھ بچوں اور مستورات کے لئے بھی پُرکشش بنادیا ہےـ اس کے بعد آخرِ کتاب صفحہ 168 تک “کشادہ روزی کے مُجرَّب نسخے” مذکور ہیں جو اس کتاب کی جان ہے اور پڑھنے والا انہیں رو بعمل لانے کیلئے بے تاب ہوجاتا ہےـ
نسخے ایک نظر میں ملاحظہ فرمائیں؛
1) مالک حقیقی اور رسول اللہ ﷺ کی اطاعت۔
2) ماں باپ کو خوش رکھیں۔
3) صلہ رحمی
4) گھر میں داخل ہو کر سلام کریں۔
5) صدقہ، خیرات کریں۔
6) باوضو رہنا۔
7) صبح جلدی اٹھنا۔
8) سوال اور قرضوں سے بچنا۔
9) کھانے (رزق) کی قدر کریں۔
10) شکر خداوندی
11) خوش دلی کے ساتھ ذمہ داری ادا کریں۔
12) کمزوروں کی مدد
13) استغفار کی کثرت
14) درود شریف کی کثرت
15) بیوی کا مہر
16) السفر وسیلۃ الظفر
17) چاشت کی نماز
18) دعا مانگو
19) مجرب دعائیں
20) مشکلات سے نکلنے کا راستہ
…) ایک آسان عمل
______________________________
اس کتاب سے
میں نے کیا سیکھا
یہ کتاب اپنے پڑھنے والے کو سب سے قیمتی سرمایہ جو دے رہی ہے وہ ہے کتاب و سنت کی روشنی میں؛ واقعات و مشاہدات سے مزین “ایمان و یقین کا سرمایہ”
اس عالمِ رنگ و بو میں سب سے بڑا امتحان اپنے پالنے، پرورش کرنے والے (رب العالمین) کو پہچاننا، اس کا اقرار و یقین کرنا ہےـ
عالمِ ارواح سے ہمیں اسی کا عہد و قرار لیکر تو بھیجا گیا ہے؛ ” اَلَسۡتُ بِرَبِّكُمۡ ؕ ۞ کیا میں تمہارا پالنے، پرورش کرنے والا نہیں ہوں؟” …….. اور انتقال کے بعد عالمِ برزخ میں سب سے پہلا سوال بھی تو اسی کا ہوگا …….. مَنْ رَبُّکَ؟ بتا تیرا پالنے، پرورش کرنے والا کون ہے؟
تینوں جہانوں میں رب کی پہچان، اس کا اقرار، اس پر ایمان و یقین یہی تو کلامِ الٰہی کا پہلا سبق بھی ہےـ ……… ؛
اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ ۞ تمام تعریفیں اللہ کی ہیں جو تمام جہانوں کا پروردگار ہےـ (سورۃ الفاتحة. آیت 1)
راقم الحروف کے نزدیک مؤلفِ کتاب کی طرف سے اپنے قارئین کے لئے اس کتاب کی سب سے اہم سوغات، سب سے اہم سبق “یہی” ہےـ
______________________________
نوٹ: کتاب رحمانی پبلیکیشنز، اسلام پورہ اور شہر مالیگاؤں کے کسی بھی بک اسٹال سے حاصل کی جاسکتی ہے، ہوم ڈیلیوری کے لئے اس نمبر پر رابطہ کریں۔
حافظ محمد کامران ملی
9273418154
______________________________
کتاب کے سر ورق اور فہرست
0 تبصرے