ایک اہم دینی ضرورت کی تکمیل



نام:کتاب “تحفہ ائمہ”
مرتب: مفتی محمد عامر یاسین ملی
صفحات: 152 قیمت: 70
ناشر: مدرسہ باغ فردوس مالیگاؤں

تبصرہ نگار: نعیم الرحمن ندوی
(استاذ جامعہ ابوالحسن علی ندوی و امام مسجد عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ مالیگاؤں)



مسجد کی امامت و خطابت تمام دینی ذمہ داریوں میں اہم اور بنیادی ذمہ داری ہے اور نبی علیہ السلام کی اہم سنت بھی، جسے آپ کے بعد تمام خلفائے راشدین نے بڑے اہتمام سے اپنایا اور اس منصب امامت سے بڑے اصلاحی کام انجام دیے۔
خدمت امامت جتنی اہم ذمہ داری ہے اتنی ہی نازک اور اہتمام سے ادا کرنے کی متقاضی ہےـ امام مسجد کے عظیم مقام و مرتبہ کے اعتبار سے تمام مصلیان اور علاقے میں ان کا دینی اثر و رسوخ ہوا کرتا ہےـ
چند دنوں قبل رفیق محترم مفتی محمد عامر یاسین ملی (امام و خطیب مسجد یحییٰ زبیر مالیگاؤں) کی اہم کتاب “تحفہ أئمہ” منظر عام پر آئی، کتاب خرید کر بالاستیعاب پڑھنے کی کوشش کی؛ راقم الحروف چونکہ خود بھی چھ سات سالوں سے بتوفيق اللہ خدمت امامت سے منسلک ہے اور اس فریضہ کو بہتر طور پر انجام دینے کی کوشش کرتا ہےـ (١)
کتاب پڑھنے کے بعد محسوس ہوا کہ یہ کتاب ہر امام مسجد اور عالم و حافظ کے لئے بیش قیمت تحفہ ہے اور ان سے متعلق فرائض کی انجام دہی میں ان کی معاون ہے، بطورِ خاص وہ ائمہ جو گزشتہ چند سالوں میں اس خدمت سے منسلک ہوئے ہیں اور جو مکمل عالم دین نہیں ہیں، ان کیلئے اپنے فرائض کی ادائیگی میں بڑی معاون ثابت ہوگی۔ باذن اللہ

امامت کے آغاز میں ائمہ کرام کو جہاں جہاں مشکل مرحلہ پیش آتا ہے اس کی بڑے اچھے انداز میں رہنمائی پیش کی گئی ہےـ جن مواقع پر مسجد کے محلہ میں ائمہ کو مدعو کیا جاتا ہے یا انہیں آگے بڑھ کر اس موقع پر اپنی خدمات پیش کرنی ہوتی ہے اس کو بھی آسان انداز میں لکھ دیا گیا ہےـ مثلاً
1) منگنی یا بات پکی ہونے کی تقریب میں کیسے بات کی جائے؟
2) عقد نکاح کی مجلس میں کیا بات کی جائے؟
3) ایجاب و قبول کیسے کروایا جائے؟
4) میت کو غسل دینے کا طریقہ
5) نماز جنازہ کا مفصل طریقہ
6) بغلی و صندوقی قبر کی تفصیل
7) تعزیت کا طریقہ اور تسلی کے کلمات
8) بھاتی کے متعلق شرعی رہنمائی
9) نکاح کے موقع پر کی جانے والی تقریر
10 ) مختلف مواقع پر کی جانے والی عربی اور اردو دعائیں
11) دعوت و تبلیغ کی محنت اور خانقاہی نظام سے متعلق اہم باتیں
وغیرہ وغیرہ غرض ان تمام چھوٹے بڑے موضوعات کو جن سے ایک امام مسجد کو گذرنا ہوتا ہے انہیں احاطہ تحریر میں لانے کی کامیاب کوشش کی گئی ہےـ

ان کے علاوہ بھی عیدالفطر و عید الاضحٰی ، شب براءت، شب قدر، یوم عاشورہ، اور قمری مہینوں کی مناسبت سے پیش آنے والے مسائل کے متعلق بھی رہنمائی موجود ہےـ گویا قدم بقدم تذکیر و ہدایت لکھ دی گئی ہےـ

اہم ترین چیز
بڑی اہم چیز یہ بھی ہے کہ اس کتاب میں بعض ان ائمہ کرام کے تجربات و مشاہدات بھی شامل کئے گئے ہیں جنہوں نے چالیس پچاس سال تک امامت کے فرائض انجام دئے ہیں، یہ چیز بہت قیمتی ہے جو بآسانی دستیاب نہیں ہوسکتی!

راقم الحروف کتاب کے مرتب مفتی موصوف اور مضامین نگاروں کے حق میں نیک خواہشات رکھتا ہے وہیں بحیثیت امام اپنے ہم منصب جملہ ائمہ کرام ، علماء اور حفاظ سے خصوصی درخواست بھی کرتا ہے کہ اس کتاب کو ضرور خریدیں اور ایک بار مکمل مطالعہ کرنے کے بعد گاہے بگاہے اس سے استفادہ کرتے رہیں۔
شہر مالیگاؤں کے علاوہ بیرون شہر کے ائمہ علماء اور حفاظ اس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

نوٹ: کتاب حاصل کرنے کے لئے مرتب کتاب کا رابطہ نمبر : 9028393682

…………………………………………

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے